عظمیٰ بخاری ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت گئیں،معین ریاض قریشی کو 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

معین ریاض قریشی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ عظمیٰ بخاری نے 150 سے 200 معاوضہ لینے والے افراد کو اسمبلی میں داخل کروایا تھا

October 20, 2026 · قومی
عظمیٰ بخاری ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت گئیں،معین ریاض قریشی کو 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

عظمیٰ بخاری ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت گئیں،معین ریاض قریشی کو 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت لیا ہے۔ لاہور کے ڈیفیمیشن ٹربیونل نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے معین ریاض قریشی کو عظمیٰ بخاری کے حق میں 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مقدمے کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب معین ریاض قریشی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پنجاب اسمبلی کے دورے کے موقع پر عظمیٰ بخاری نے 150 سے 200 معاوضہ لینے والے افراد کو اسمبلی میں داخل کروایا تھا۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ سہیل آفریدی سے سوالات کرنے والے صحافی صوبائی وزیر کے تنخواہ دار ملازمین تھے۔

عظمیٰ بخاری نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان بیانات سے ان کی سیاسی اور ذاتی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے ڈیفیمیشن ایکٹ کے تحت عدالت سے رجوع کیا، جہاں ان کے وکیل علی بخاری نے مقدمے کی پیروی کی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق معین ریاض قریشی نے ٹی وی پروگرام میں بیان دینے کا اعتراف کیا، تاہم عدالت میں اپنے الزامات کے حق میں قابلِ اعتماد شواہد پیش نہیں کرسکے۔ ٹربیونل نے قرار دیا کہ مدعا علیہ کے وکلا عظمیٰ بخاری کے ہتکِ عزت کے دعوے کو غلط ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

اسی بنیاد پر ٹربیونل نے عظمیٰ بخاری کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے معین ریاض قریشی کو 8 کروڑ 40 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔