کراچی پولیس کے دو یونٹس میں جھگڑا، 16 افسران و اہلکار معطل
معطل کیے جانے والوں میں ایس آئی یو (سی آئی اے) پولیس کے 11 جبکہ ضلع وسطی پولیس کے 5 افسران اور اہلکار شامل ہیں
کراچی پولیس کے دو یونٹس میں جھگڑا، 16 افسران و اہلکار معطل
کراچی میں ملزمان کی حوالگی کے معاملے پر پولیس کے دو یونٹس کے درمیان جھگڑے اور ہاتھا پائی کے بعد 16 افسران اور اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع وسطی میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کیں، جن کی انکوائری میں سی آئی اے پولیس کو زیادہ قصور وار قرار دیا گیا۔ رپورٹ کی روشنی میں کراچی پولیس چیف نے ڈی آئی جی ساؤتھ کی سفارش پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی معطلی کے احکامات جاری کیے۔
معطل کیے جانے والوں میں ایس آئی یو (سی آئی اے) پولیس کے 11 جبکہ ضلع وسطی پولیس کے 5 افسران اور اہلکار شامل ہیں۔ دونوں یونٹس کے ڈی ایس پیز کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایس ایس پی سینٹرل اور ایس ایس پی ایس آئی یو کو لیٹر آف ایڈوائس دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معطل افسران اور اہلکاروں کو گارڈن ہیڈ کوارٹر میں سسپنڈ کمپنی بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 14 اکتوبر کی شب شارٹ ٹرم اغوا کے ملزمان کی حوالگی کے معاملے پر کراچی پولیس کے دونوں یونٹس کے اہلکاروں کے درمیان تنازع پیدا ہوا تھا۔ واقعے کے دوران سی آئی اے پولیس کے اہلکاروں پر ضلع وسطی کے ڈی ایس پی اور اے ایس آئی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔