پی ٹی آئی کا مشال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
پارٹی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ اصولوں کی خلاف ورزی پر مشال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کریں ، بیرسٹر گوہر
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مشال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا انھوں نے پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی نظم و ضبط اور اصولوں کی خلاف ورزی پر مشال یوسفزئی کو باقاعدہ شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس بات کی تصدیق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر تصدیق کرتے ہوئے کہا پارٹی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ اصولوں کی خلاف ورزی پر مشال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کریں۔
انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اس بات کی حمایت کی ہے کہ ہر شخص پارٹی فورم پر اپنی اختلافِ رائے کا اظہار کرے اور جب متعلقہ فورم پر کوئی بات کی جائے تو میں اسے دل پر نہیں لیتا، لیکن کبھی کبھار تو ایکشن لینا پڑتا ہے۔مشال یوسفزئی نے پارٹی کی سینئر لیڈرشپ کے بارے میں کھل کر بات کی اور پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی کی۔مشال یوسفزئی کو اس نوعیت کے رویے پر پہلے بھی تنبیہ (وارننگ) دی جا چکی تھی۔
شوکاز نوٹس یا وارننگ نہیں ملی، میڈیا سے بات کرنے سے روکا گیا ہے، مشال یوسفزئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ انہیں نہ کوئی شوکاز نوٹس ملا ہے اور نہ ہی کبھی وارننگ دی گئی ہے، اس سے قبل بھی انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے اور پارٹی سے نکلوانے سے متعلق بیانیے میڈیا پر چلائے گئے۔
اپنے بیان میں مشال یوسفزئی نے کہا کہ انہیں اور اسد قیصر کو بیرسٹر گوہر نے میڈیا پر پارٹی معاملات کے حوالے سے بات کرنے سے روک دیا ہے۔ ان کے مطابق بیرسٹر گوہر نے انہیں یہ ضرور کہا تھا کہ انہیں اسد قیصر کی اڈیالہ جیل میں رات ساڑھے 8 بجے ہونے والی ملاقات کے بارے میں میڈیا پر بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔
مشال یوسفزئی نے بتایا کہ وہ کچھ دیر قبل دیگر پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں اسپیکر چیمبر سے باہر نکلیں، جہاں وہ ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز کے معاملے پر موجود تھے۔ اس موقع پر جیو نیوز کے صحافی حیدر شیرازی نے بیرسٹر گوہر کا انٹرویو بھی کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ آج سینیٹ میں ان کی تقریر میں بیان کیے گئے حقائق سے توجہ ہٹانے کے لیے میڈیا پر دوسری باتیں سامنے لانا ضروری تھا۔ وہ تمام داؤ پیچ سمجھتی ہیں اور اندر اور باہر سے مقابلہ کرنے کا ہنر بھی جانتی ہیں۔
مشال یوسفزئی نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ باقی لوگ پریشان نہ ہوں اور صرف ’’مائنس ون‘‘ پر توجہ دیں، ان کے بقول پی ٹی آئی کے لیڈر صرف اور صرف عمران خان ہیں۔