راولپنڈی میں من پسند فیصلہ نہ ملنے پر سینئر وکیل کا جج پر مبینہ تشدد، مقدمہ درج
راولپنڈی کچہری میں جج پر مبینہ تشدد، واقعے کے خلاف سول و فیملی ججز کی ہڑتال
فائل فوٹو
ضلع کچہری راولپنڈی میں سینئر وکیل اسلم نیازی نے مبینہ طور پر من پسند فیصلہ نہ ملنے پر سول جج ملک علی میراں کو ان کے چیمبر میں تشدد کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں گلاس لگنے سے جج کا سر پھٹ گیا۔
واقعے کے بعد زخمی جج کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اصغر علی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس چوکی انچارج پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور سینئر وکلا نے معاملے میں راضی نامے کی کوششیں کیں، تاہم یہ کوششیں ناکام ہوگئیں۔
تھانہ سول لائن پولیس نے عدالتی عملے کی درخواست پر وکیل اسلم خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سینئر جج جسٹس صداقت علی خان نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق وکیل کو گزشتہ روز پیر کو اپنے خلاف آنے والے فیصلے پر غصہ تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کے دوران عدالتی عملے نے مداخلت نہیں کی۔
سول جج ملک علی میراں پر مبینہ تشدد کے خلاف ضلع راولپنڈی کے سول اور فیملی ججز نے قلم چھوڑ ہڑتال کردی۔ تمام سول ججز زخمی جج کے چیمبر پہنچے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔