اسد قیصر نے عمران خان سے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی درخواست کی تھی ، بیرسٹر سیف اللہ

عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے سے انکار کر دیا تھا ، گفتگو

October 21, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمران خان سے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کی درخواست کی تھی، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  عمران خان نے اسد قیصر کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا تھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ انتخابات کے بعد اور علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی سے قبل ان کی اور اسد قیصر کی عمران خان سے مشترکہ ملاقات ہوئی تھی جس میں اسد قیصر نے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے اسد قیصر کے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے سے انکار کر دیا تھا جبکہ ایک اور ملاقات میں جنید اکبر کی موجودگی میں بھی عمران خان نے عاقب اللہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی حمایت نہیں کی تھی۔

سابق مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان نے ابتدا میں عاقب اللہ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا اسپیکر بنانے کی ہدایت کی تھی تاہم بعد میں فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی کو اسپیکر نامزد کر دیا گیا۔

بیرسٹر محمد علی سیف کے یہ بیانات سینیٹر مشال یوسفزئی کے اسد قیصر کی جانب سے اپنے بھائی کو وزیراعلیٰ بنانے کی خواہش سے متعلق بیان کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

معاملے سے متعلق پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مشال یوسفزئی نے الزام عائد کیا تھا کہ اسد قیصر نے اپنے بھائی عاقب اللہ کو وزیراعلی بنانے کے لیے لابنگ کی تھی، اسد قیصر نے بیرسٹر سیف کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بیرسٹر سیف نے خود اعلان کیا تھا کہ عاقب اللہ کو بانی پی ٹی آئی نے اسپیکر نامزد کیا ہے اور اسد قیصر کی ملاقات سے پہلے ہی علی امین گنڈاپور وزیرِ اعلیٰ کے لیے نامزد ہوچکے تھے۔