خیبر پختونخوا کے دو اضلاع ڈینگی کے ہائی رسک زون قرار، کوہاٹ میں 975 کیسز رپورٹ
80 مریض تاحال وائرس سے متاثر ہیں۔ اسی عرصے میں پشاور میں بھی 209 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
خیبر پختونخوا کے دو اضلاع ڈینگی کے ہائی رسک زون قرار، کوہاٹ میں 975 کیسز رپورٹ
پشاور: خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں تیزی آنے کے بعد پشاور اور کوہاٹ کو ہائی رسک اضلاع قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ کوہاٹ میں صورتحال وبائی شکل اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران کوہاٹ میں ڈینگی کے 975 کیسز سامنے آئے، جن میں سے 80 مریض تاحال وائرس سے متاثر ہیں۔ اسی عرصے میں پشاور میں بھی 209 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ بنوں میں 81، چارسدہ میں 37، ہری پور میں 34 اور ایبٹ آباد میں 21 کیسز درج کیے گئے، جبکہ ہنگو اور نوشہرہ میں 20، 20 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں ماہ اب تک ڈینگی کے 1510 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 99 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے دوران صوبے میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 4091 تک پہنچ گئی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈینگی سے متاثرہ ایک شخص کی موت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔