مالدیپ کے صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا دورہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے،وزیراعظم

مالدیپ کے صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت تعمیری اور مثبت رہی، جبکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے

October 21, 2026 · قومی
مالدیپ کے صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا دورہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے،وزیراعظم

مالدیپ کے صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا دورہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالدیپ کے صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا دورہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق مالدیپ کے صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت تعمیری اور مثبت رہی، جبکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مالدیپ کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مالدیپ کے متعدد طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانی خدمت انجام دے رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک برادر ملک کی حیثیت سے مالدیپ کی مزید ضروریات پوری کرنے میں خوشی محسوس کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

ان یادداشتوں میں انسداد منشیات، سماجی تحفظ، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور مالدیپ کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان اشتراک پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک نے طبی ماہرین کی بھرتی میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جبکہ دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور بحری سلامتی کے حوالے سے اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ان معاہدوں کو پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔