مریم نواز کی سعودی شہریوں کو پنجاب کے سیاحتی مقامات کی سیر کی دعوت

سعودی عرب پاکستان کو ترسیلاتِ زر بھیجنے والا سب سے بڑا ملک ہے، جہاں سے پاکستان کو سالانہ 9.8 ارب ڈالر موصول ہوتے ہیں۔

October 21, 2026 · قومی
مریم نواز کی سعودی شہریوں کو پنجاب کے سیاحتی مقامات کی سیر کی دعوت

مریم نواز کی سعودی شہریوں کو پنجاب کے سیاحتی مقامات کی سیر کی دعوت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سعودی عرب کے شہریوں کو پنجاب کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے سعودی سفیر ڈاکٹر راجع البقمی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے خادمِ حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے ریاض میں سرمایہ کاری سے متعلق روڈ شو منعقد کرنے کی تجویز پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے پنجاب سے سعودی عرب کو لائیو اسٹاک، گائے کے گوشت، مرغی کے گوشت، آم، کینو، آلو اور جھینگوں کی برآمدات بڑھانے کے لیے 500 ارب روپے سے زائد کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو ترسیلاتِ زر بھیجنے والا سب سے بڑا ملک ہے، جہاں سے پاکستان کو سالانہ 9.8 ارب ڈالر موصول ہوتے ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب کے شہروں اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق مکہ دفاعی معاہدہ خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے، جبکہ اقتصادی تعاون دونوں ممالک کی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

سعودی سفیر ڈاکٹر راجع البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو سراہا اور تمام شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی حمایت پر پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سعودی سفیر نے مملکت کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے پنجاب کے تاریخی ورثے، مغلیہ دور کی یادگاروں، ثقافت اور روایات کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی مہمان نوازی، کھانے اور گرم جوشی پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتے ہیں۔