چینی شہریوں کے اغوا کا مقدمہ، چار ملزمان کی ضمانت مسترد

ملزمان نے چینی شہریوں کو تاوان کی غرض سے اغوا کیا تھا اور مغویوں کی رہائی کے بدلے بٹ کوائن کے ذریعے رقم طلب کی جارہی تھی

October 21, 2026 · قومی
چینی شہریوں کے اغوا کا مقدمہ، چار ملزمان کی ضمانت مسترد

چینی شہریوں کے اغوا کا مقدمہ، چار ملزمان کی ضمانت مسترد

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایف 10 سے چار چینی شہریوں کو اغوا کرنے کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں مسترد کردیں۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے چینی شہریوں کو تاوان کی غرض سے اغوا کیا تھا اور مغویوں کی رہائی کے بدلے بٹ کوائن کے ذریعے رقم طلب کی جارہی تھی۔

پراسیکیوٹر کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں مغوی چینی شہریوں کو بازیاب کرالیا تھا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا گروہ مبینہ طور پر مالی فائدے کے لیے اغوا کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے چاروں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔