کشمیر چوک انڈر پاس جلد ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا،محسن نقوی

اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بہتربنانے،سیف سٹی کی توسیع اور پارکس کی تزئین و آرائش کےاقدامات جاری

October 21, 2026 · قومی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کشمیر چوک انڈر پاس جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، ایف نائن پارک کی تزئین و آرائش، سیف سٹی منصوبے کی توسیع اور اسلام آباد میں شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ (فوٹو: فائل)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر چوک انڈر پاس جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جبکہ منصوبے کی تعمیر کے دوران تمام درختوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کم ترین مدت میں تعمیر ہونے والا منصوبہ ہوگا۔ اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو شہریوں کے لیے مزید بہتر اور پرکشش بنانے کے لیے ایف نائن پارک کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ کوشش ہے کہ ایف نائن پارک کی طرز پر مزید پارکس بھی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو تفریح کی بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔ اسلام آباد کو تفریح کے حوالے سے بہترین شہر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کا دائرہ کار بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ شہر میں گاڑیوں کی شناخت کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

محسن نقوی نے کہا کہ جی سکس میں واقع سرکاری فلیٹس کو قابضین سے واگزار کرایا جائے گا۔

طالبہ لائبہ کے معاملے پر وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور پولیس اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے، شہری سہولتوں کو بہتر بنانے، سرسبز مقامات کے تحفظ اور تفریحی سہولتوں میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔