افغان طالبان کی چینی سرحد پر مبینہ دراندازی کی کوشش، بیجنگ کی وارننگ

یہ واقعہ واخان راہداری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں چینی حکام نے طالبان اہلکاروں کو فوری طور پر واپس جانے کی ہدایت کی۔

October 22, 2026 · بام دنیا
افغان طالبان کی چینی سرحد پر مبینہ دراندازی کی کوشش، بیجنگ کی وارننگ

افغان طالبان کی چینی سرحد پر مبینہ دراندازی کی کوشش، بیجنگ کی وارننگ

بیجنگ: افغان طالبان کے اہلکاروں کی جانب سے چین کے ساتھ سرحدی علاقے میں مبینہ طور پر داخل ہونے کی کوشش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد چینی سرحدی حکام نے انہیں علاقہ چھوڑنے کی تنبیہ کی ہے۔

افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ واخان راہداری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں چینی حکام نے طالبان اہلکاروں کو فوری طور پر واپس جانے کی ہدایت کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد چین نے اپنی سرحدی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔ سرحدی علاقے میں خاردار باڑ لگانے کے علاوہ نگرانی کے لیے کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ دراندازی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چین نے افغانستان کے ساتھ واخان سرحدی راستہ بھی بند رکھا ہوا ہے۔ افغانستان سے ملحقہ سرحدوں پر سکیورٹی خدشات کے باعث خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے بھی نگرانی سخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔