فلپائن ،زمین کی ملکیت کا تنازعہ حل کرنے کی رسم دو کسانوں کی موت کا سبب بن گئی

دونوں افراد تقریباً 12 منٹ تک پانی کے اندر رہے، جس کے بعد ان کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی افراد بھی موجود تھے۔

October 22, 2026 · بام دنیا
فلپائن ،زمین کی ملکیت کا تنازعہ حل کرنے کی رسم دو کسانوں کی موت کا سبب بن گئی

فلپائن ،زمین کی ملکیت کا تنازعہ حل کرنے کی رسم دو کسانوں کی موت کا سبب بن گئی

فلپائن: فلپائن کے صوبے سارانگانی میں زمین کی ملکیت کا تنازع حل کرنے کے لیے ایک روایتی رسم میں حصہ لینے والے دو کسان ہلاک ہوگئے۔ دونوں افراد گلامانگ دریا میں اترنے کے بعد دوبارہ زندہ باہر نہ آسکے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 16 اکتوبر کو سارانگانی کے علاقے الابیل کے گاؤں ڈاٹل انگاس میں پیش آیا، جہاں 69 سالہ ٹونی بولانون مانساگ اور 49 سالہ گاسپر توسان پالاسانون نے زمین کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے ’سولیف‘ نامی روایتی رسم میں حصہ لیا۔

الابیل میونسپل پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں کسان صبح تقریباً 10 بجے دریا میں اترے اور لگ بھگ 12 منٹ تک پانی کے اندر رہے، تاہم وہ دوبارہ سطح پر نہ آسکے۔

مقامی رہائشیوں نے دونوں کو پانی سے نکال کر طبی مراکز منتقل کیا۔ مانساگ کو سارانگانی کے صوبائی اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا گیا، جبکہ پالاسانون کو جنرل سانتوس شہر کے ایک اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ بھی دم توڑ گئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ رسم اس وقت اختیار کی گئی جب زمین کے تنازعے کو دیگر طریقوں سے حل کرنے کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دونوں افراد نے اس رسم میں حصہ لینے کا فیصلہ کیوں کیا اور اس کے دوران پیش آنے والے واقعے کے مکمل حالات کیا تھے۔

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ زمین کے تنازعے کی تفصیلات اور دونوں افراد کی اموات کے اصل اسباب کے بارے میں مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔