خیبرپختونخوا میں گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو گرفتاریوں کے اختیارات دے دیئے
اختیارات کی یہ منتقلی 2025 کے اس نوٹیفکیشن کی جگہ لے گی، جس کے تحت یہ اختیارات ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو تفویض کیے گئے تھے۔
خیبرپختونخوا میں گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو گرفتاریوں کے اختیارات دے دیئے
صحافی غریدہ فاروقی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد ضلعی پولیس افسران کی جانب سے موصول ہونے والے مقدمات پر ضلعی سطح پر تیز رفتار کارروائی کو ممکن بنانا ہے۔ اس طرح محکمہ داخلہ کے ذریعے مرکزی سطح پر کارروائی کے باعث ہونے والی تاخیر کم کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق اختیارات کی یہ منتقلی 2025 کے اس نوٹیفکیشن کی جگہ لے گی، جس کے تحت یہ اختیارات ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو تفویض کیے گئے تھے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانا، احتیاطی اقدامات میں تیزی لانا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنا ہے۔
گورنر نے ہدایت کی ہے کہ ان اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق کیا جائے اور کسی بھی صورت میں ان کا غلط استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کے امن، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
غریدہ فاروقی کی پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تجویز میں ایم پی او آرڈیننس کی دفعہ 26 اور آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت ہنگامی حالات سے متعلق قانونی فریم ورک کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ تاہم، ان کے مطابق منسلک مسودۂ نوٹیفکیشن میں تاریخ اور حوالہ نمبر کے خانے ابھی خالی ہیں۔