انمول عرف پنکی کی دو مقدمات میں بریت کے لیے درخواست دائر

ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔ سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر سمیت تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

October 22, 2026 · قومی
انمول عرف پنکی کی دو مقدمات میں بریت کے لیے درخواست دائر

انمول عرف پنکی کی دو مقدمات میں بریت کے لیے درخواست دائر

کراچی: منشیات برآمدگی کے مقدمات میں نامزد انمول عرف پنکی کی دو مقدمات سے بریت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

کراچی کی عدالت میں انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات برآمدگی کے تین مقدمات کی سماعت ہوئی، جس کے دوران ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔ سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر سمیت تین گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

وکیلِ صفائی نے گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے مقدمات کی آئندہ سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب ملزمہ کی جانب سے دو مقدمات میں بریت کی درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں، جن میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں متعلقہ مقدمات سے بری کیا جائے۔

عدالتی کارروائی کے مطابق انمول عرف پنکی اب تک مجموعی طور پر 22 میں سے پانچ مقدمات میں بری ہو چکی ہیں۔

پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کو 11 مئی 2026 کو کراچی کے علاقے گارڈن میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف منشیات کی مبینہ سپلائی اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔