غزہ میں اسرائیلی حملے، فائرنگ سے مزید 4 فلسطینی شہید

۔ خان یونس میں سائیکل پر سوار ایک فلسطینی جبکہ نصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک اور شخص بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگیا

October 23, 2026 · بام دنیا
غزہ میں اسرائیلی حملے، فائرنگ سے مزید 4 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی حملے، فائرنگ سے مزید 4 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں مزید 4 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ شہر میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید ہوا۔ خان یونس میں سائیکل پر سوار ایک فلسطینی جبکہ نصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک اور شخص بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگیا۔ شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون کی جان چلی گئی۔

حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ کے مطابق غزہ شہر کے علاقے تل الہوا میں منشیات کنٹرول پولیس کی گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا، جس میں ایک شخص شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ اسلحہ جمع کرنے اور حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود غزہ کی تعمیر نو اور علاقے سے اسرائیلی فوج کے انخلا سمیت اہم معاملات پر فریقین کے درمیان اتفاق نہیں ہوسکا۔