فاٹا یونیورسٹی کے 50 مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس دینے کا اعلان
اس کا مقصد مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔
فاٹا یونیورسٹی کے 50 مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس دینے کا اعلان
فاٹا یونیورسٹی کے 50 مستحق طلبہ کو پاکستان بیت المال کی جانب سے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی، جس کا مقصد مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر لعل بادشاہ نے فاٹا یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں اداروں کے درمیان 50 مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس تعلیمی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے دونوں اداروں کے مابین جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ ملاقات میں طلبہ کی تعلیمی ضروریات، مالی معاونت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں اداروں کے انتظامی افسران اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد بلال مروت بھی موجود تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ مالی مشکلات کسی بھی مستحق طالب علم کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے، تعلیمی سہولیات بہتر بنانے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مستحق طلبہ کی معاونت کے لیے پاکستان بیت المال کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسکالرشپس سے طلبہ کو تعلیمی اخراجات پورے کرنے اور مالی پریشانیوں کے بغیر اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔