کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار
گرفتار افراد کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈی، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار
کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈی، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی گلستانِ جوہر، بلاک 7 میں مین یونیورسٹی روڈ کے قریب کی گئی، جہاں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کی شناخت رحیم فضل ولد فضل محمود اور بالاچ بلوچ ولد رسول بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ تربیت یافتہ افراد اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں موجود ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں نے افغانستان میں اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد اپنے تنظیمی کمانڈر سے رابطے میں تھے اور شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی گلبائی چوک کے قریب کی گئی، جہاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ حکام نے اس کی شناخت شاہ نور رحمان خان ولد اختر عالم کے نام سے کی ہے۔ گرفتار شخص کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور پانچ گولیاں برآمد ہوئیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار شخص نے وزیرستان میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا۔ حکام کے مطابق وہ اپنے تنظیمی کمانڈر کی ہدایت پر کراچی آیا تھا، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کی ریکی اور انہیں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔