لوئر دیر میں خسرے کی وبا پھیل گئی، 5 بچے جاں بحق

محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ متاثرہ بچوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

October 24, 2026 · قومی
لوئر دیر میں خسرے کی وبا پھیل گئی، 5 بچے جاں بحق

لوئر دیر میں خسرے کی وبا پھیل گئی، 5 بچے جاں بحق

لوئر دیر: خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے دو دور افتادہ علاقوں میں خسرے کی وبا پھیلنے سے 5 بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد بچے بیماری سے متاثر ہونے کے بعد مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق غوڑاہ بانڈہ اور خوڑ بانڈہ میں خسرے کے کیسز سامنے آنے کے بعد صورتحال تشویش ناک ہوگئی ہے۔ بیماری کے باعث بچوں کی اموات کے بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر لوئر دیر بشارت احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کی۔ محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ متاثرہ بچوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خسرے سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ بیماری پر قابو پانے اور مزید بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔