امریکی بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل نہیں ہونے دیں گے،ایرانی فوج
امریکی صدر یہ خواب کبھی پورا ہوتا نہیں دیکھ سکیں گے۔ایرانی فوجی سربراہ
امریکی بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل نہیں ہونے دیں گے،ایرانی فوج
تہران: ایرانی مسلح افواج کے سربراہ علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی فوجی سربراہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ امید محض خواب ہے کہ امریکی فوج اور بحریہ دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل ہو سکیں گی۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر یہ خواب کبھی پورا ہوتا نہیں دیکھ سکیں گے۔
علی عبداللہی نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی صورت اور کسی بھی وقت امریکی فوجی جہازوں کو خلیجِ فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
اس سے ایک روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج آبنائے ہرمز سے 600 سے 700 کلومیٹر دور چلی گئی ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں اور جہازوں پر حملوں سے متعلق مبینہ جعلی خبریں پھیلا رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران ایسا کرکے امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب آبنائے ہرمز سے زیادہ تیل گزر رہا ہے۔ ان کے بقول ایران تیل کی قیمتیں بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔
خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں امریکی اور ایرانی بیانات کے بعد خطے میں بحری سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل کی صورتحال پر توجہ مرکوز ہے۔