اسلام آباد پولیس کی نئی پالیسی جاری،ہفتہ وار آرام لازمی قرار

ایس پی اور ڈی ایس پی تک کے افسران کی طویل رخصتوں کی منظوری بھی آئی جی دے سکیں گے۔

October 24, 2026 · قومی
اسلام آباد پولیس کی نئی پالیسی جاری،ہفتہ وار آرام لازمی قرار

اسلام آباد پولیس کی نئی پالیسی جاری،ہفتہ وار آرام لازمی قرار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی اور چھٹیوں سے متعلق نئی پالیسی 2026 جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت پولیس فورس کے لیے ہفتہ وار آرام کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو تمام عہدوں کے افسران اور اہلکاروں کی اتفاقیہ رخصت منظور کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جبکہ ایس پی اور ڈی ایس پی تک کے افسران کی طویل رخصتوں کی منظوری بھی آئی جی دے سکیں گے۔

پالیسی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کو کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے اہلکاروں اور افسران کی رخصتیں منظور کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایس ایچ او کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل تک کے اہلکاروں کو 3 دن کی اتفاقیہ رخصت دے سکے گا، جبکہ ڈی ایس پی کو 5 دن تک چھٹی منظور کرنے کا اختیار ہوگا۔

ایس پی کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک کے اہلکاروں کی اتفاقیہ رخصت منظور کرسکے گا، جبکہ ایس ایس پی کو ایس ایچ او اور انسپکٹر کی سطح تک کے افسران کو 3 دن کی اتفاقیہ رخصت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔

نئی پالیسی میں مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے بھی رخصتیں مقرر کی گئی ہیں۔ حج کے لیے 45 دن جبکہ عمرہ اور زیارات کے لیے 21 دن کی چھٹی دی جاسکے گی۔ طبی ضرورت کے تحت اہلکاروں کو میڈیکل رخصت بھی فراہم کی جائے گی۔

پالیسی کے مطابق ہفتہ وار آرام کو باقاعدہ رخصت سے الگ رکھا جائے گا۔ مرکزی اور صوبائی مقابلے کے امتحانات میں شرکت کے لیے 20 دن جبکہ انٹرویو کے لیے 15 دن تک رخصت حاصل کی جاسکے گی۔

شادی کے موقع پر خواتین پولیس افسران کے لیے ایک ماہ جبکہ مرد اہلکاروں کے لیے 10 دن کی رخصت مقرر کی گئی ہے۔