ڈیانا زیادتی کیس،ملزمان کے میڈیکل اور شناخت پریڈ پر فیصلہ محفوظ
دونوں پر شہری شعیب بٹ کو اغوا کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا بھی الزام ہے۔ پولیس کا مئوقف
ڈیانا زیادتی کیس،ملزمان کے میڈیکل اور شناخت پریڈ پر فیصلہ محفوظ
لاہور: غیر ملکی لڑکی ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے کیس میں نامزد مرکزی ملزم تنویر اور اس کے ساتھی احتشام کو ماڈل ٹاؤن کی عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں عدالت نے ملزمان کے طبی معائنے اور شناخت پریڈ سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں پر شہری شعیب بٹ کو اغوا کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا بھی الزام ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہری کے اغوا اور تشدد کے مقدمے میں ملزمان کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے انہیں جیل بھیجا جائے۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل کرنا ہے۔
دوسری جانب ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکلوں کا مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔ وکیل نے الزام عائد کیا کہ ملزمان کو رات بھر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سماعت کے دوران فاضل جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ کیا اس پر تشدد ہوا ہے اور کیا وہ طبی معائنہ کرانا چاہتا ہے؟ ملزم نے جواب دیا کہ اس پر تشدد کیا گیا ہے اور وہ اپنا میڈیکل کرانا چاہتا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کے طبی معائنے اور شناخت پریڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔