لاہور سے راولپنڈی تک نئی 6 لین موٹروے بنانے کا اعلان
دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ کم ہوکر تقریباً 280 کلومیٹر رہ جائے گا۔
لاہور سے راولپنڈی تک نئی 6 لین موٹروے بنانے کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ لاہور سے راولپنڈی تک نئی 6 لین موٹروے تعمیر کی جائے گی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ کم ہوکر تقریباً 280 کلومیٹر رہ جائے گا۔
عبدالعلیم خان کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے موجودہ تقریباً 380 کلومیٹر کے فاصلے کو کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ موٹروے کی تعمیر 2027 کے اختتام تک مکمل کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد لاہور سے اسلام آباد کا سفر ساڑھے تین گھنٹے کے بجائے تقریباً ڈھائی گھنٹے میں طے ہونے کی توقع ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نئی موٹروے پنجاب کے اہم شہروں گوجرانوالہ، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں اور جہلم کو آپس میں منسلک کرے گی، جس سے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ موٹروے کو بھی چار لین سے بڑھا کر چھ لین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے منصوبے کی لاگت میں مزید 10 ارب روپے شامل کیے جائیں گے تاکہ سڑک کو چھ لین میں تعمیر کیا جاسکے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نئی موٹروے سے سفر کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی، جبکہ پنجاب کے اہم شہروں کے درمیان رابطے بہتر ہونے سے تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے سکھر موٹروے کے حوالے سے بتایا کہ اس کا سنگ بنیاد آئندہ ماہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق منصوبے کے تین حصوں کی منظوری دی جاچکی ہے، جبکہ سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔