محفوظ ٹرین آپریشن کے لیے پاکستان ریلویز میں ہنگامی حالت نافذ، فیلڈ افسران کی چھٹیاں منسوخ
وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پر 31 دسمبر تک ہنگامی اقدامات، افسران کو روزانہ نگرانی اور رپورٹنگ کا پابند کردیا گیا
محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کے لیے پاکستان ریلویز میں 31 دسمبر تک ہنگامی حالت نافذ، فیلڈ افسران کی تین ماہ کے لیے چھٹیاں منسوخ، روزانہ نگرانی اور رپورٹنگ لازمی قرار۔
لاہور: پاکستان ریلویز میں ٹرین آپریشن کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، جبکہ فیلڈ افسران کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر پاکستان ریلویز میں محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ یہ ہنگامی حالت 31 دسمبر تک برقرار رہے گی۔ حکام کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے تحت مسافروں کو محفوظ ترین سفر فراہم کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد فیلڈ افسران کی تمام چھٹیاں تین ماہ کے لیے منسوخ کردی گئی ہیں۔ ریلوے افسران کو اتوار کے روز بھی فیلڈ میں جاکر ٹرین آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریلوے افسران کے لیے سرکاری امور کی انجام دہی کے سلسلے میں دوسرے شہر جانے کے لیے ٹرین کے ذریعے سفر کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
حکام نے سول اور مکینیکل شعبوں کے چیف انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے امور سے متعلق روزانہ رپورٹ وزارت کو ارسال کریں۔ سیفٹی ہیڈ سے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
ان اقدامات کا مقصد ٹرین آپریشن کی نگرانی مؤثر بنانا اور مسافروں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔