پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اس بار ہمیں منعقد کرنے کا موقع دیا جائے،گورنر کے پی

گورنر ہاؤس پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کا افتتاح،کھیلوں کو انتہا پسندی کے خلاف مؤثر ذریعہ قرار دے دیا

October 24, 2026 · قومی

فائل فوٹو

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین سے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ رواں برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب خیبرپختونخوا میں منعقد کرنے کا موقع دیا جائے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایونٹ کے انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مدارس کے طلبہ بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مناسب سرپرستی فراہم کی جائے۔