ثاقب چدھڑ کو مبینہ پروٹوکول دینے کی ویڈیو وائرل پر مریم نواز کا نوٹس ، ڈی سی جھنگ کو ہٹا دیا

ایک غیر انتظامی و سیاسی شخصیت کو سیکیورٹی اور سرکاری گاڑی کا پروٹوکول دیے جانے کی اس ویڈیو نے عوامی و سیاسی حلقوں میں شدید برہمی اور بحث چھیڑ دی۔

October 25, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

جھنگ / لاہور: حکمران جماعت کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب خان چدھڑ کو دیے جانے والے شاہانہ پروٹوکول کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پیدا ہونے والے تنازع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جھنگ کو عہدے سے ہٹا دیا۔ تاہم سرکاری مشینری اور سیکورٹی گاڑیوں کا بے دریغ استعمال کرنے والی متعلقہ شخصیت کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے لیے وی آئی پی پروٹوکول کا بندوبست کیا گیا تھا، جس میں پنجاب ایمرجنسی اینڈ ریسکیو / پیرا فورس کی سرکاری گاڑی بھی شامل تھی۔ ایک غیر انتظامی و سیاسی شخصیت کو سیکیورٹی اور سرکاری گاڑی کا پروٹوکول دیے جانے کی اس ویڈیو نے عوامی و سیاسی حلقوں میں شدید برہمی اور بحث چھیڑ دی۔

پروٹوکول کا یہ معاملہ منظرِ عام پر آتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے سرکاری گاڑی کے غیر قانونی اور غلط استعمال کی اجازت دینے پر فوری اقدام کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا۔ انہیں محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔