تھری ڈی پرنٹنگ کا کمال، زخمی پرندے کو مصنوعی چونچ لگا دی گئی
سرجنز نے پیچوں کی مدد سے ان حصوں کو پرندے کی چونچ کے ساتھ جوڑ دیا۔
تھری ڈی پرنٹنگ کا کمال، زخمی پرندے کو مصنوعی چونچ لگا دی گئی
ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں واقع آرٹس چڑیا گھر میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک زخمی پرندے کا کامیاب علاج کیا گیا ہے، جہاں سدرن ہارن بِل کی ٹوٹی ہوئی اوپری اور نچلی چونچ کی جگہ تھری ڈی پرنٹنگ سے تیار کردہ مصنوعی حصے نصب کردیے گئے۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق کم عمر نر پرندے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پلاسٹک سے مصنوعی چونچ کے دونوں حصے تیار کیے گئے۔ بعد ازاں سرجنز نے پیچوں کی مدد سے ان حصوں کو پرندے کی چونچ کے ساتھ جوڑ دیا۔
چونچ ٹوٹنے کے باعث پرندے کو خوراک کھانے اور اپنے پروں کی صفائی سمیت روزمرہ کے معمولات انجام دینے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ چڑیا گھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ چونچ کا کچھ حصہ ضائع ہوجانے سے پرندے کی زندگی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے، کیونکہ اس کے لیے زمین سے خوراک اٹھانا اور اپنی صفائی کرنا دشوار ہوجاتا ہے۔
اس منفرد علاج کے لیے آرٹس چڑیا گھر نے یوٹریخت یونیورسٹی کے شعبہ ویٹرنری میڈیسن کے ماہرین کے ساتھ مل کر کام کیا۔ ماہرین نے تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے پرندے کی جسمانی ساخت اور ضروریات کے مطابق مصنوعی چونچ کے حصے تیار کیے۔
اس طریقہ علاج کو جنگلی حیات کے تحفظ اور جانوروں کی طبی نگہداشت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہم مثال قرار دیا جارہا ہے۔ اس سے زخمی جانوروں کی بحالی کے لیے نئے امکانات سامنے آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 1838ء میں قائم ہونے والا آرٹس چڑیا گھر ایمسٹرڈیم میں واقع ہے اور نیدرلینڈز کے قدیم ترین چڑیا گھروں میں شمار ہوتا ہے۔