ریاض ایئرپورٹ کی 86 فیصد پروازیں منسوخ، فضائی سرگرمیاں متاثر
حوثی ملیشیا کے حملوں کے باعث 4 ہزار 736 میں سے 4 ہزار 71 پروازیں منسوخ،بین الاقوامی آپریشنز بھی متاثر
October 26, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو
ریاض: حوثی ملیشیا کے حملوں کے باعث سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی 86 فیصد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق 8 سے 25 اکتوبر تک ریاض ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 4 ہزار 736 پروازیں طے تھیں، جن میں سے 4 ہزار 71 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
رائٹرز کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کی سرگرمیاں جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں اور اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، تاہم متعدد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے لیے اپنی پروازیں نومبر تک معطل کر رکھی ہیں۔
امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا نے ریاض کے لیے پروازیں اگلے سال تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ سعودی عرب کی اہم سرمایہ کاری کانفرنس بھی 2027 تک ملتوی کر دی گئی ہے۔