ملتان میں زیرِ تعمیر پلازے کی چھت گر گئی، ایک مزدور جاں بحق، متعدد ملبے تلے دب گئے

حادثہ این سی بی اے یونیورسٹی کے قریب پیش آیا، جہاں واقعے کے وقت 10 سے 15 مزدور کام کر رہے تھے۔

October 27, 2026 · قومی
ملتان میں زیرِ تعمیر پلازے کی چھت گر گئی،متعدد مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ

ملتان میں زیرِ تعمیر پلازے کی چھت گر گئی،متعدد مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ

ملتان میں ناردرن بائی پاس پر زیرِ تعمیر پلازے کی چھت اچانک گرنے سے ایک مزدور جاں بحق ہو گیا، جبکہ متعدد مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ حادثہ این سی بی اے یونیورسٹی کے قریب پیش آیا، جہاں واقعے کے وقت 10 سے 15 مزدور کام کر رہے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں اور صرف تین منٹ میں پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں۔ امدادی اہلکاروں نے ملبے سے چھ افراد کو نکال لیا، جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں ریسکیو کی 10 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں، جن میں پانچ ایمبولینسز، تین ریسکیو موٹر سائیکلیں، ایک ریسکیو گاڑی اور ایک فائر وہیکل شامل ہیں۔

ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کر رہے ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔