ایران، روس اور دیگر ممالک عالمی تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں کریں گے:پزشکیان
امریکہ کی جانب سے دوسرے ممالک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوششیں ایک بڑا چیلنج ہیں
ایران، روس اور دیگر ممالک عالمی تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں کریں گے:پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات میں مزید وسعت آئی ہے، جبکہ امریکہ کی جانب سے دوسرے ممالک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوششیں ایک بڑا چیلنج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران، روس اور دیگر ممالک عالمی سطح پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق مسعود پزشکیان آٹھویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کی شام ماسکو پہنچے، جہاں ونوکووو ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایران اور روس کے تعلقات کو دوستانہ اور برادرانہ قرار دیا۔
ایرانی صدر نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اب مفاہمت کی یادداشتوں تک محدود نہیں رہا، بلکہ ایک جامع تزویراتی معاہدے پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق اب اس معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر عمل درآمد کے لیے کام جاری ہے۔
مسعود پزشکیان کے مطابق ایران اور روس معیشت، سائنس، ثقافت، سلامتی اور سیاست سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر آٹھویں سربراہی اجلاس میں توانائی کے بڑے ذخائر رکھنے والے ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لیے ایران کی تجاویز پیش کریں گے۔ ان کا مقصد توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینا ہے۔
اجلاس کے موقع پر مسعود پزشکیان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔