میں نے بچی سے کہا یہ تمہارے سامنے بیٹھا ہے،جتنے تھپڑ اس نے تمہیں مارے،اتنے تھپڑ تم اسے مارو،مریم نواز
اگر کسی کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو اس کی اطلاع ضرور دیں اور کسی مجرم کو اس لیے کھلا نہ چھوڑیں
کوئی سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والا شخص عوام پر ہاتھ اٹھائے گا تو قانون اسے نہیں چھوڑے گا، مریم نواز
منڈی بہاؤالدین میں ہونہار اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ 15 نومبر سے طلبہ میں الیکٹرک بائیکس کی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔ طلبہ کو سیاہ جبکہ طالبات کو گلابی رنگ کی الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔
منڈی بہاؤالدین میں ہونہار طلبہ میں وظائف اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سفارش کا زمانہ ختم ہو چکا ہے اور لیپ ٹاپ ہونہار طلبہ کا حق تھا۔ انہوں نے منڈی بہاؤالدین میں تدریسی اسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ جرم کی دنیا چھوڑ دیں، ورنہ قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی حکومت ہے اور کسی کو بھی سیاسی اثر و رسوخ یا دولت کی بنیاد پر قانون سے بچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ بعض ملزمان جرم کرنے کے بعد اگلے ہی روز ضمانت پر رہا ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان یا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے ملاقات کرکے درخواست کریں گی کہ جرائم پیشہ افراد کو ایسی سزائیں دی جائیں جن سے وہ رہائی کے بعد دوبارہ جرم کرنے سے پہلے سوچیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بااثر شخص کسی غریب پر ہاتھ اٹھائے گا تو قانون اسے نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مقدمات بننے کا خوف دلایا جاتا ہے، لیکن جب وہ وزیراعلیٰ نہیں تھیں اور ان کے بقول انہوں نے کچھ نہیں کیا تھا، تب بھی ان کے خلاف مقدمہ بنایا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ اب انہیں مقدمات کا خوف نہیں اور اگر عوام کی خدمت کرتے ہوئے جیل جانا پڑا تو وہ اسے اپنے لیے فخر سمجھیں گی۔
خطاب کے دوران مریم نواز نے معاشرے میں کمزور افراد پر تشدد کے واقعات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان میں یتیم خانے میں رہنے والے ایک بچے کے کام سے انکار پر مبینہ طور پر مالک نے اس پر گاڑی چڑھا دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس واقعے کا منظر ان کی آنکھوں سے نہیں جاتا اور ریاست ایسے مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے جس کا کوئی نام لینے والا نہیں۔
پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ ایک شخص نے سگریٹ پینے سے منع کرنے پر ملازم کو مارا۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد دونوں کو ان کے سامنے بٹھایا گیا۔ ان کے مطابق انہوں نے ملازم سے کہا کہ وہ ملزم کے امیر یا طاقتور ہونے سے مرعوب نہ ہو اور جتنے تھپڑ اسے مارے گئے، اتنے ہی واپس مارے۔
لاہور میں اسکوٹی پر جانے والی بچی پر تشدد کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ راستہ نہ دینے پر ایک شخص نے بچی کو مارا۔ بچی تھانے میں موجود تھی، جہاں میں نے فون پر اس سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میں نے بچی سے یہی کہا میں نے بچی سے کہا یہ تمہارے سامنے بیٹھا ہے،جتنے تھپڑ اس نے تمہیں مارے،اتنے تھپڑ تم اسے مارو ۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ ملزمان اور مجرموں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ خود کو دوسروں سے برتر سمجھنے والے افراد بھی قانون کے سامنے جواب دہ ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی سالگرہ پر ملنے والی محبت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یاد نہیں تھا کہ اس روز ان کی سالگرہ ہے، لیکن عوام نے جس پیار اور اپنائیت سے اسے منایا، وہ ان کے لیے قابلِ قدر ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ایک کروڑ وظائف، لیپ ٹاپ اور بائیکس بھی تقسیم کر دی جائیں تو وہ عوام کی محبت کا ایک فیصد بھی واپس نہیں کر سکتیں۔