بجلی کے بلوں میں 200 یونٹ کی شرط ختم کرنے پر غور جاری ہے، اویس لغاری

اہم پیش رفت، غربت کی بنیاد پر ریلیف ملے گا، نئے ٹیرف کا تخمینہ۔

October 27, 2026 · اہم خبریں
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلی لانے پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت 200 یونٹ کی حد کے بجائے غربت کی بنیاد پر ریلیف دینے کی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔ سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر توانائی نے بتایا کہ 200 یونٹ کی حد کو بڑھا کر 250 یونٹ تک کرنے پر بھی غور جاری ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ صاحبِ حیثیت افراد سولر سسٹم نصب کر کے اپنے بجلی کے استعمال کو 200 یونٹ سے کم کر لیتے ہیں اور اس رعایت سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں، جبکہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ وزیر توانائی نے مزید کہا کہ حکومت ایسے صارفین کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے جو صرف ایک یونٹ اضافے کے باعث 6 ماہ تک اضافی چارجز کی زد میں آ جاتے ہیں۔

ترقیاتی امور پر روشنی ڈالتے ہوئے اویس لغاری نے ایوان کو بتایا کہ توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم ہو کر 1670 ارب روپے رہ گیا ہے اور آئندہ 4 سال کے دوران اس گردشی قرضے کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت توانائی کی بجٹ سپورٹ جو ماضی میں 1180 ارب روپے تھی، رواں سال کم ہو کر 700 ارب روپے پر آ گئی ہے۔ اجلاس کے دوران سینیٹر عابد شیر علی نے ٹیرف سلیب کے مسائل اور غریب عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کی نشاندہی کی، جبکہ کورم پورا نہ ہونے اور ارکان کی عدم موجودگی کے باعث ایوان کی کارروائی کو مشکلات کا سامنا بھی رہا۔