حکومت پیٹرولیم ریلیف بڑھانے پر متفق، جماعت اسلامی کا نومبر میں اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان

حافظ نعیم الرحمان کا مطالبہ، پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورتِ دیگر سڑکوں پر احتجاج ہوگا

October 27, 2026 · قومی

’نومبر کے وسط میں اسلام آباد لانگ مارچ کریں گے‘، حافظ نعیم کا وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اعلان

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھانے پر اتفاق کے باوجود جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد لانگ مارچ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مارچ ملتوی نہیں ہوگا اور حکومت کو اس سے پہلے عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت مارچ سے پہلے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے کوئی نظام بنائے، کیونکہ لیوی کا بوجھ متوسط طبقہ اور غریب عوام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھایا جائے گا۔ جماعت اسلامی لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ حکومت مرحلہ وار ریلیف دینے کی بات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے مزید سات سے دس دن مانگے ہیں، تاہم نومبر کے وسط میں مارچ ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت مارچ شروع ہونے سے پہلے ریلیف پیکج کا اعلان کرے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ریلیف پیکج سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں ہورہا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مطالبات کے لیے سڑک پر بیٹھ کر بات کرنا پڑے۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں بھی ریلیف دیا جائے اور لیوی بھی ختم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو کیا حکومت پیٹرول پر ریلیف دیتی؟ ان کے مطابق حکومت پیٹرولیم لیوی 80 روپے سے بڑھا کر 160 روپے کردیتی، لیکن جماعت اسلامی کے احتجاج کے بعد حکومت پیچھے ہٹی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت پر جماعت اسلامی کا دباؤ موجود ہے اور اسے مزید بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے اور پیٹرولیم لیوی بھی ختم ہو۔ اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو ریلیف پیکج بھی نہ آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے ہی بات کی جاتی ہے، چاہے وہ فارم 47 کی ہو یا فارم 48 کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی ہائی جیکر جہاز ہائی جیک کرلیتا ہے تو بات اسی سے کرنا پڑتی ہے۔