وفاقی حکومت کراچی میں دلچسپی نہیں لیتی، شہر پر توجہ دینی چاہیے، بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی پر اظہارِ تشویش، عوامی خدمت پر زور
فوٹو: اسکرین گریب
کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو کراچی پر توجہ دینی چاہیے، تاہم وفاقی حکومت شہر میں دلچسپی نہیں لیتی۔ وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے۔
لیاری میں اسپنسر آئی اسپتال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائندے کراچی میں دلچسپی نہیں لیتے اور شہر میں نفرت پھیلانے میں لگے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپنسر آئی اسپتال کو فعال کیا گیا ہے، جہاں آنکھوں کے امراض کا مفت علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسپتال آئیں اور مفت علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مہنگے علاج کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، جبکہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کیا جاسکے۔
بجلی کے بلوں کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بل اتنے بڑھ چکے ہیں کہ عوام کو ان کی ادائیگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوچ رہے تھے کہ کاش پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جاسکے۔ سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ لیاری کے عوام کو شمسی توانائی فراہم کی جائے۔
صوبے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے اور وہ بار بار سامنے آچکا ہے۔ سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، اور سندھ کے عوام ہی اپنے صوبے کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 28ویں ترمیم کے بارے میں انہیں کسی نے کچھ نہیں بتایا۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیاری میں اسپنسر آئی اسپتال مکمل طور پر شمسی توانائی پر چل رہا ہے۔ ان کے مطابق اسپتال شہر کا تاریخی ورثہ تھا، لیکن بلدیاتی اداروں کی طرح یہ بھی تنزلی کا شکار ہوگیا تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ موقع ملنے پر اسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دوبارہ شروع کیا گیا۔ اب یہاں آنکھوں کے امراض کا مفت علاج کیا جا رہا ہے اور ہفتہ وار سرجری بھی کی جارہی ہے۔