اسلام آباد کی ماڈل جیل تیار،جلد افتتاح کرکے تمام قیدیوں کو یہاں منتقل کردیں گے،محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی کا اعلان، اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل کا وزیراعظم جلد افتتاح کریں گے

October 27, 2026 · قومی

اسلام آباد ماڈل جیل تیار ہوگئی جلد افتتاح کرکے تمام قیدیوں کو یہاں منتقل کردیں گے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ماڈل جیل تیار ہوگئی ہے، جس کا وزیراعظم چند روز میں افتتاح کریں گے۔ افتتاح کے بعد اسلام آباد کے تمام قیدیوں کو نئی جیل میں منتقل کردیا جائے گا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئی جیل میں ہر چیز بہترین اور مثالی ہوگی۔ وزیراعظم چند دن میں اس کا افتتاح کریں گے اور افتتاح ہوتے ہی جیل کو آباد کردیا جائے گا۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو بھی نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا؟ اس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے جو بھی قیدی ہیں، انہیں نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق نئی جیل میں تین سے چار ہزار قیدی باآسانی رکھے جاسکیں گے۔

جیلوں میں منشیات سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ اگر نئی جیل کو ماڈل جیل کہا جا رہا ہے تو اسے ہر لحاظ سے ماڈل بنایا جائے گا اور وہاں سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منتقلی سے متعلق دوبارہ سوال کیے جانے پر وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ان کا خصوصی جواب یہی ہے کہ اسلام آباد میں جو بھی قیدی ہوگا، اسے نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کرسکتے کہ نئی جیل میں رہنے والا قیدی اچھا انسان بن کر باہر نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ قیدیوں کی نگرانی کی حد تک جاسکتے ہیں، لیکن یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہاں سے نکلنے والا ہر قیدی بہتر انسان بن جائے گا۔