بھارتی جیلوں سے 9 سال بعد رہا چار پاکستانی ماہی گیر ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے
رینجرز حکام نے رہا ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا، مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی
فائل فوٹو
لاہور: بھارتی جیلوں سے نو سال بعد رہا ہونے والے چار پاکستانی ماہی گیروں کو رینجرز حکام نے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق رہا ہونے والے ماہی گیروں میں احمد نواز، عبدالرحمن، وقاص علی اور ارشد شامل ہیں۔ احمد نواز اور عبدالرحمن کا تعلق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر چار سے ہے، جبکہ وقاص علی ولد مشتاق اور ارشد ولد اکرم اپنے پتے بتانے سے قاصر ہیں۔
چاروں ماہی گیر گزشتہ نو سال سے بھارتی جیلوں میں قید تھے۔ طویل عرصے بعد وطن واپس آنے والے ان ماہی گیروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی کی خصوصی ہدایت پر چاروں ماہی گیروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے مفت سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔