اسرائیلی جاسوس کمپنی کا اسٹارلنک صارفین کی خفیہ نگرانی کرنے کا انکشاف
سائبر سیکیورٹی رپورٹ، مشکوک اشتہارات کا استعمال، بڑی کمپنیوں کی پابندی
اسرائیلی جاسوس کمپنی کا اسٹارلنک صارفین کی خفیہ نگرانی کرنے کا انکشاف
تل ابیب سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق سائبر سیکیورٹی فرم ‘ٹرینڈ اے آئی’ نے ایک سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی جاسوس کمپنی ‘ڈسکورٹیک’ مبینہ طور پر دنیا بھر میں اسٹارلنک صارفین کو نشانہ بنا رہی ہے۔
دستاویزات اور تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ڈسکورٹیک 100 سے زائد ممالک میں اسٹارلنک ٹریفک کی سب سے بڑی خریدار بن کر سامنے آئی ہے، اور اس نے ایسے مشکوک اشتہارات جاری کیے جن کا بنیادی مقصد صارفین کی جیولوکیشن حاصل کرنا اور ان کی خفیہ نگرانی کرنا تھا۔ یہ اسرائیلی کمپنی شام، لیبیا، یمن اور جنوبی سوڈان جیسے ممالک میں ان اشتہارات کی سب سے بڑی خریدار نکلی ہے، جہاں اسٹارلنک پر مختلف اقسام کی پابندیاں بھی عائد ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل اشتہارات کی بولی کے نظام کے ذریعے صارفین کے انٹرنیٹ ڈیٹا تک رسائی حاصل کی گئی، جس سے صارفین کی شناخت اور آن لائن سرگرمیوں کا سراغ لگایا گیا۔ اس سنسنی خیز انکشاف کے بعد گوگل اور کومکاسٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈسکورٹیک کو اپنے پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا ہے، جبکہ ایک بڑی امریکی ٹیک کمپنی نے ملازمین کا پتا لگانے کے لیے باضابطہ انکوائری بھی شروع کر دی ہے۔