طائف میں حوثیوں کے داغے گئے میزائل روک کر تباہ کر دیے،سعودی فوجی اتحاد
میزائلوں کو روکنے کے دوران ان کا ملبہ دارالحکومت ریاض کے مختلف مقامات پر گرا، جس سے ایک عمارت، زیرِ تعمیر مقام اور گاڑی کو نقصان پہنچا
طائف میں حوثیوں کے داغے گئے میزائل روک کر تباہ کر دیے،سعودی فوجی اتحاد
سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ طائف کی جانب حوثیوں کی طرف سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔
سعودی حکام کے مطابق میزائلوں کو روکنے کے دوران ان کا ملبہ دارالحکومت ریاض کے مختلف مقامات پر گرا، جس سے ایک عمارت، زیرِ تعمیر مقام اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تاہم ان واقعات میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب سعودی شہروں جدہ اور ینبع میں ممکنہ حملے کے پیش نظر جاری کی گئی وارننگ کچھ دیر بعد واپس لے لی گئی۔
سعودی شہری دفاع نے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کو نظر انداز نہ کریں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے واقعات یا ان کے ملبے کے مقامات کی ویڈیوز بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر پھیلانا قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔
سعودی حکام نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ ویڈیوز، افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات کو پھیلانے سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔