ایران کی امریکا پر وعدہ خلافی اور سفارتی رویے پر کڑی تنقید
امریکا بار بار اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹتا ہے اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتا ہے۔ اسماعیل بقائی
ایران کی امریکا پر وعدہ خلافی اور سفارتی رویے پر کڑی تنقید
تہران: ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مسترد کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے واشنگٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا بار بار اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹتا ہے اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی صدر کا اعتراف واشنگٹن کی جانب سے کیے جانے والے سفارتی وعدوں کی حیثیت پر سوالات اٹھاتا ہے۔ ان کے مطابق امریکا کا سفارت کاری سے متعلق رویہ ایک بار پھر سامنے آ گیا ہے۔
ایرانی ترجمان نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ یورپی ممالک امریکا کو جواب دہی سے بچانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وعدوں کی خلاف ورزی کے لیے کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو فضول اور وقت کا ضیاع قرار دیا تھا، جس پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔