کراچی،سولجر بازار میں فائرنگ، چوکیدار جاں بحق، دو مزدور زخمی
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم دورانِ علاج اسلم نامی چوکیدار دم توڑ گیا
کراچی،سولجر بازار میں فائرنگ، چوکیدار جاں بحق، دو مزدور زخمی
کراچی کے علاقے سولجر بازار میں زیرِ تعمیر عمارت پر فائرنگ کے نتیجے میں چوکیدار جاں بحق جبکہ دو مزدور زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر فائرنگ کا ممکنہ تعلق بھتہ خوری سے جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار ایک ملزم زیرِ تعمیر عمارت پر پہنچا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم دورانِ علاج اسلم نامی چوکیدار دم توڑ گیا۔
پولیس کے کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول برآمد کرلیے ہیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی معلومات میں سامنے آیا ہے کہ واقعے سے قبل بلڈر کو بھتے کے لیے کوئی پرچی موصول ہوئی تھی اور نہ ہی کوئی فون کال کی گئی تھی۔
پولیس بلڈر سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے عمارت اور اس کے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے ممکنہ طور پر بھتہ خوری سے تعلق سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔