پاکستان میں انٹرنیٹ 2 نومبر تک سست، اصل وجہ سامنے آگئی

کیبل کی مرمت 27 اکتوبر سے اٹلی اور فرانس کے درمیان واقع حصے پر جاری ہے۔ مرمتی کام کے دوران خصوصاً مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو سکتی ہے

October 28, 2026 · قومی
پاکستان میں انٹرنیٹ 2 نومبر تک سست، اصل وجہ سامنے آگئی

پاکستان میں انٹرنیٹ 2 نومبر تک سست، اصل وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو 2 نومبر 2026 تک سست رفتار کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے مطابق بین الاقوامی زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل اے اے ای ون کی ہنگامی مرمت کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق کیبل کی مرمت 27 اکتوبر سے اٹلی اور فرانس کے درمیان واقع حصے پر جاری ہے۔ مرمتی کام کے دوران خصوصاً مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو سکتی ہے، جبکہ صارفین کو سروس میں معمولی تعطل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اے اے ای ون کیبل پاکستان کو یورپ سمیت مختلف خطوں سے بین الاقوامی انٹرنیٹ رابطہ فراہم کرنے والے اہم نظاموں میں شامل ہے۔ تقریباً 25 ہزار کلومیٹر طویل یہ کیبل جنوب مشرقی ایشیا کو مصر کے راستے یورپ سے ملاتی ہے اور پاکستان میں کراچی کے مقام پر اس کا رابطہ موجود ہے۔

چونکہ مرمت کیبل کے یورپی حصے میں کی جا رہی ہے، اس لیے یورپ میں موجود سرورز اور آن لائن خدمات استعمال کرنے والے صارفین کو زیادہ مشکلات پیش آ سکتی ہیں، خصوصاً شام کے اوقات میں جب انٹرنیٹ کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ جنوری 2025 میں بھی قطر کے قریب اسی کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں تقریباً دو ہفتوں تک انٹرنیٹ کی رفتار متاثر رہی تھی۔ تاہم، پی ٹی سی ایل نے موجودہ مرمتی کام کے دوران متبادل انٹرنیٹ گنجائش بڑھانے کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔