جعلی انتقال کے ذریعے خاتون کی اراضی ہتھیانے والے پٹواری کو 31 سال قید

مجرم پٹواری نے سال 2023ء میں بدنیتی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جعلی انتقال درج کیا ،محکمہ اینٹی کرپشن

October 28, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سرگودھا:جعلی انتقال اور سرکاری ریکارڈ غائب کر کے سائلہ کو زمین سے محروم کرنے کے سنگین جرم میں ملوث پٹواری کو عدالت نے 31 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج اینٹی کرپشن سید داور ظفر علی نے دھوکہ دہی اور بدعنوانی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم پٹواری گہنہ خان کو چار مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 31 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے ترجمان نے بتایا کہ مجرم پٹواری نے سال 2023ء میں بدنیتی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جعلی انتقال درج کیا اور خاتون رفاقت بیگم کی قیمتی اراضی غیر قانونی طور پر ہتھیا کر متعلقہ سرکاری ریکارڈ بھی غائب کر دیا تھا، جس پر اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور شواہد کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا۔