وزیراعلیٰ مریم نواز سے صدر لاہور چیمبر کی ملاقات، کاروباری مسائل کے حل کی یقین دہانی
تاجر برادری کو درپیش مسائل، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز سے صدر لاہور چیمبر کی ملاقات، کاروباری مسائل کے حل کی یقین دہانی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری کو درپیش مسائل، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
ملاقات میں خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے علی حسام اصغر کو لاہور چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر لاہور چیمبر کے وفد نے کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے اور پنجاب میں صنعتوں کو ترقی دینے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ مریم نواز نے قابلِ عمل سفارشات پر پیش رفت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کو کاروبار کے لیے سازگار صوبہ بنانے کی غرض سے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے۔ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنعتی سرگرمیوں میں رکاوٹ بننے والے سرخ فیتے کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
لاہور چیمبر کے وفد نے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا۔ صدر علی حسام اصغر نے امن و امان کے قیام کے لیے مریم نواز کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم صوبے میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہے۔
خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی مریم نواز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات محنت کرکے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔