بنگلہ دیش،عوامی لیگ کے رہنما محبوب العالم حنیف کو سزائے موت سنا دی گئی
بین الاقوامی جرائم ٹریبونل2 نے یہ فیصلہ 2024 کی جولائی عوامی تحریک کے دوران ضلع کُشتیا میں چھ افراد کے قتل سے متعلق مقدمے میں سنایا
بنگلہ دیش،عوامی لیگ کے رہنما محبوب العالم حنیف کو سزائے موت سنا دی گئی
بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری محبوب العالم حنیف کو انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت سنا دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی جرائم ٹریبونل-2 نے یہ فیصلہ 2024 کی جولائی عوامی تحریک کے دوران ضلع کُشتیا میں چھ افراد کے قتل سے متعلق مقدمے میں سنایا۔ عدالت نے محبوب العالم حنیف کو دیگر الزامات میں عمر قید با مشقت کی سزائیں بھی سنائیں۔
مقدمے میں محبوب العالم حنیف سمیت عوامی لیگ کے چار رہنما نامزد تھے۔ دیگر ملزمان میں کُشتیا ضلع عوامی لیگ کے صدر صدرالدین خان، جنرل سیکریٹری اظہر علی اور شہر عوامی لیگ کے جنرل سیکریٹری عطاؤ الرحمٰن آتا شامل ہیں۔
عدالت نے دیگر ملزمان کو بھی مختلف الزامات کے تحت عمر قید اور تاحیات با مشقت قید کی سزائیں سنائیں۔ رپورٹس کے مطابق چاروں ملزمان مفرور ہیں۔
فیصلے میں تمام سزا یافتہ ملزمان کی غیر منقولہ جائیداد کا نصف حصہ ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ضبط شدہ جائیداد فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم جولائی فاؤنڈیشن یا کسی دوسرے قانونی ادارے کے ذریعے جولائی تحریک کے دوران ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو معاوضے کے طور پر دی جائے۔
محبوب العالم حنیف کون ہیں؟
محبوب العالم حنیف بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے سینئر رہنما اور جوائنٹ جنرل سیکریٹری ہیں۔ ان کا تعلق ضلع کُشتیا سے ہے اور وہ ماضی میں کُشتیا-3 کے حلقے سے متعدد مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہو چکے ہیں۔
وہ طویل عرصے تک عوامی لیگ کی مرکزی قیادت کا حصہ رہے۔ انہیں 2009 میں پارٹی کا جوائنٹ جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا تھا۔ وہ 2009 سے 2013 تک سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خصوصی معاون کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔