بلاول بھٹو کی پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی دعوت
اپوزیشن کو پارلیمان میں موجود اپنی طاقت کو بروئے کار لانا چاہیے۔
بلاول بھٹو کی پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی دعوت
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان میں موجود اپنی طاقت کو بروئے کار لانا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی فنانس کمیٹی میں شرکت نہیں کرے گی تو اس سے پارلیمان کمزور ہوگی۔ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے عمل میں شامل ہونا چاہیے تاکہ دھاندلی سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر فیصلے کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو غیر فعال رکھنے کے خواہش مندوں کے مقاصد پورے ہو چکے ہیں، اب تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایوان کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمان مضبوط ہوگی تو تمام سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود پارلیمانی عمل میں حصہ لینا اور جمہوری اداروں کو فعال رکھنا ضروری ہے۔