پارلیمان میں ایسی بلیک میلنگ ہو رہی ہے کہ بلیک میلر بھی شرما جائیں، وفاقی وزیر ریلوے

وزیر ریلوے کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید، مذہب کو سیاست کے لیے استعمال نہ کرنے پر زور

October 29, 2026 · قومی

ایسی بلیک میلنگ ہے کہ بلیک میلر بھی شرما جائیں، کوئی اپنی ماں کو تھو نہیں کہہ سکتا، حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمان میں ایسی بلیک میلنگ ہو رہی ہے کہ بلیک میلر بھی شرما جائیں، رات کی تاریکی میں بھی کوئی اپنی ماں کو تھو نہیں کہہ سکتا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ہماری مائیں ہمیں بلے اور چڑی چھکے سے بھی مارا کرتی تھیں۔ احادیث اور قرآنی آیات کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان شہداء کا ہے، ان لوگوں کا نہیں جنہوں نے بنگلے بنا لیے اور بڑی بڑی گاڑیاں لے لیں، بلکہ یہ پاکستان ان فوجی جوانوں کا ہے جو سرحدوں پر کھڑے ہیں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ کیا ہمیں جیلوں میں نہیں ڈالا گیا، تو کیا ہم عزت دینے والے پاکستان کو بھول جائیں؟ یہاں کبھی ہم پختون، سرائیکی، پنجابی اور بلوچ بن جاتے ہیں۔ جنہوں نے برا بھلا کہا، وہ ان کے اپوزیشن لیڈر بن گئے، یہی مولانا صاحب کا حال ہے۔ انہوں نے محمود خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وہی ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ بلوچ اپنی فوج بنائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان اور ہندوستان آپ کو پاکستان سے زیادہ اچھے لگتے ہیں، دہشت گردی کی اس جنگ میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کل مولانا نے انتہا کر دی کہ آپ کے اور میرے شہید۔ حنیف عباسی نے سوال کیا کہ آپ کے کون سے شہید ہیں؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی تقاریر سے پاکستان ٹوٹ جائے گا؟

انہوں نے کہا کہ جو اٹھتا ہے کہتا ہے کہ کشمیر جا رہا ہوں، خیبر پختونخوا جا رہا ہوں یا بلوچستان جا رہا ہوں، کسی مائی کے لال میں ایسا کرنے کی ہمت نہیں۔ پوری دنیا میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ڈنکے بج رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ انہیں کون پوچھتا ہے، درست نہیں، انہیں سب پوچھتے ہیں اور دنیا بھر کے حکمران ان سے ملنا چاہتے ہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ فوج میں بلوچ، پنجابی، پشتون اور سندھی سب شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا میں دہشت گرد آج منہ چھپا رہے ہیں اور بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کو آپ کی سیاست کے لیے کیوں کٹوایا جائے؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہب کو اپنی سیاست کے لیے استعمال نہ کریں۔ آج پاکستان اس خطے کا محفوظ ملک ہے اور سب کو پاکستان کے جھنڈے تلے اکٹھا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تفریق کرنے والوں کو وہ نہیں مانتے۔