لوگوں کو کہا جارہا ہے آپ نے مولانا کیخلاف بات کرنی ہے ، کامران مرتضیٰ

وہ وزیر ہر فن مولا ہے۔ کبھی وزیر داخلہ ہے کبھی وزیر خارجہ، کبھی کرکٹ کا کبھی صفائی کا ، سینیٹ میں اظہار خیال

October 29, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ  اسمبلیوں اور سینیٹ میں لوگوں کو کال کر کے کہا جارہا ہے کہ آپ نے مولانا کے خلاف بات کرنی ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے بات کی، مجھے جواب کا موقع دیا جائے۔ وہ ذاتی ایجنڈا لے کر آئے تھے۔ ایوان کا تقدس ہوتا ہے جو آج ایک وزیر نے پامال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیر ہر فن مولا ہے۔ کبھی وزیر داخلہ ہے کبھی وزیر خارجہ، کبھی کرکٹ کا کبھی صفائی کا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کے ٹیلیفون اور واٹس ایپ پر منسٹر آئے تھے تو یہ نہیں چلے گا۔ اسمبلیوں اور سینیٹ میں لوگوں کو کال کر کے کہا جارہا ہے کہ آپ نے مولانا کے خلاف بات کرنی ہے۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جو شخص آیا تھا وہ امریکی میڈیا کا نمائندہ تھا، اس نے ایوان میں گالی دی ہے۔ جو امریکی میڈیا کی نمائندگی کرتے ہیں ان کی وفادری پاکستان سے زیادہ کہیں اور ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو آپ کے خلاف بولنا چاہتے ہیں آپ اس کو ملک کے خلاف بولنے کا رنگ دے دیتے ہیں۔ جیسے یہ شخص ایوان میں ہماری بےعزتی کر رہا تھا ایسا مشرف دور میں بھی نہیں ہوا۔

جے یو آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ان کے پیسے ملک سے باہر جمع ہو رہے ہیں، ان کے اکاؤنٹ ملک سے باہر ہیں۔ یہ شخص خود مولانا کے پاس ایسے ایسے چل کر آتا تھا۔