اسرائیلی صدر کی الیکشن میں غیر ملکی مداخلت کے الزامات پر مکمل تحقیقات کی ہدایت

تحقیقات سے اسرائیل کی پوری عرب برادری کی ساکھ متاثر نہیں ہونی چاہیے،صدر اسحاق ہرزوگ

October 29, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے انتخابات میں غیر ملکی مداخلت کے الزامات کی ’جامع اور مکمل‘ تحقیقات کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی تحقیقات سے اسرائیل کی پوری عرب برادری کی ساکھ متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

بنیامین نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں نے عرب ووٹروں کی انتخابی شرکت بڑھانے کے لیے مبینہ ’انتخابی رشوت‘ کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ان الزامات کے بعد اسرائیل کی داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیت کو ان دعوؤں کی تحقیقات سونپی گئی ہیں کہ ترکی اور قطر سے اسرائیل میں رقوم منتقل کی گئیں تاکہ عرب ووٹروں کے انتخابی فیصلوں پر اثر انداز ہوا جا سکے۔

دوسری جانب زیادہ تر عرب اسرائیلی جماعتوں پر مشتمل اتحاد جوائنٹ لسٹ نے نیتن یاہو کے دھاندلی اور غیر ملکی مداخلت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

اتحاد نے اپنے بیان میں کہا ’نیتن یاہو اور ان کے فاشسٹ اتحادیوں کی جانب سے عرب شہریوں کے ووٹوں کے خلاف اشتعال انگیز مہم اس برادری کی سیاسی طاقت کے خوف کو ظاہر کرتی ہے۔

ادھر قطر نے بھی آج جاری کیے گئے ایک بیان میں اسرائیلی انتخابات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی تردید کی ہے۔