ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ، پاکستان کے تین سابق کپتانوں کو بھی دعوت

ظہیر عباس،وسیم اکرم اور وقار یونس آئندہ برس میلبرن میں تاریخی ٹیسٹ میچ کی تقریبات میں شریک ہوں گے

October 29, 2026 · اسپورٹس

فوٹو: فائل

ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے تین سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی مدعو کرلیا گیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں تاریخی ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ یہ میچ آئندہ برس 11 سے 15 مارچ تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا تاریخی ٹیسٹ میچ کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کرے گا، جبکہ میچ دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے مہمانوں کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو دعوت دی ہے۔

ذرائع کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک کے سابق کپتانوں اور نامور کھلاڑیوں کو بھی اس تاریخی ٹیسٹ کے موقع پر مدعو کیا گیا ہے، جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سابق اور معمر کرکٹرز بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا اس یادگار موقع پر مختلف تقریبات کے انعقاد کے ساتھ خصوصی طور پر تیار کردہ سووینئرز بھی پیش کرے گا۔