ایران کا مبینہ اسرائیل نواز نیٹ ورک کے 5 اراکین گرفتار کرنے کا دعویٰ

یہ نیٹ ورک ایک ’فرقے‘ سے وابستہ تھا، جسے ہدایات اسرائیل سے آ رہی تھیں ، ایرانی حکام

October 29, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی سیکیورٹی فورسز نے جنوبی صوبے کرمان میں مبینہ طور پر ایران کے خلاف افراد کو بھرتی اور تربیت دینے والے ایک مبینہ نیٹ ورک کے پانچ ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق کرمان کے پبلک پراسیکیوٹر مہدی بخشی نے کہا کہ پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس ادارے نے چار ماہ کی تحقیقات کے بعد اس نیٹ ورک کا سراغ لگایا اور اس کے ارکان کو گرفتار کیا۔

بخشی نے دعویٰ کیا کہ یہ نیٹ ورک ایک ’فرقے‘ سے وابستہ تھا، جسے ہدایات اسرائیل سے آ رہی تھیں اور اس کے یورپی پارلیمنٹ کے چند ارکان سے بھی روابط تھے۔

ایرانی حکام عموماً ’فرقہ‘ کی اصطلاح بہائی عقیدے کے پیروکاروں کے لیے استعمال کرتے ہیں، جن پر وہ اسرائیل سے تعلقات کا الزام عائد کرتے ہیں۔ ایران اس مذہب کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کرتا، جبکہ بہائی برادری کو کئی دہائیوں سے ملک میں امتیازی سلوک اور پابندیوں کا سامنا ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیٹ ورک کی قیادت، بھرتی، تربیت اور تنظیمی منصوبوں سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔