بیرسٹر گوہر کی قیادت میں وفد کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات، قومی اسمبلی میں تقریر کی تائید
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جمہوری اقدار پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی قیادت میں ایک اعلٰی سطح کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمٰن کی قومی اسمبلی میں کی گئی حالیہ تقریر کی بھرپور تائید کی اور سراہا۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جمہوری اقدار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی حملوں اور انتقامی کارروائیوں میں تبدیل کرنا جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور شائستگی کے منافی ہے۔
پی ٹی آئی وفد نے اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی مسلسل قید پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور ناحق قرار دیا۔ وفد نے واضح کیا کہ حکام کا یہ رویہ سیاسی تناؤ کو بڑھا رہا ہے، اور اگر اس صورتحال کے نتیجے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ یا مزید سیاسی و امن و امان کا بحران پیدا ہوا، تو اس تمام تر صورتحال کی ذمے داری متعلقہ حکام اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔